عالمی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری اپنا لوہا منوا رہی ہے، حکومت ملکی آئی ٹی اور دیگر شعبوں می سرمایہ کار برادری کو شامل کرنے کو ترجیح دے گی
قیمتی اثاثہ ہماری نوجوان افرادی قوت ہے ‘حکومت عالمی سطح پر وقوع پذیر ہونے والی ڈیجیٹل تبدیلی کے ساتھ پاکستان کو ہم آہنگ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے:وزیراعظم
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری اپنا لوہا منوا رہی ہے، حکومت ملکی آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کے عمل میں پاکستانی سرمایہ کار برادری کو شامل کرنے ترجیح دے گی ۔وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر میں ڈیجیٹل و دیگر اصلاحات کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت اور مواقع کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں ڈیجیٹل کوآپریشن کانفرنس کے تحت ہونے والے ڈیجیٹل انوسٹمنٹ فورم میں پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر پذیرائی کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کاروباری برادری اپنا لوہا منوا رہی ہے، آئی ٹی کے شعبے میں پاکستانی کاروباری افراد عالمی مارکیٹ میں قابل قدر خدمات پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی قوم میں نہ صرف ملکی بلکہ عالمی معیشت کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان میں آئی ٹی سمیت ہر شعبے میں دنیا کے بہترین ماہرین موجود ہیں، اگر ان کو استعداد اور صلاحیتوں کے مطابق موقع دیا جائے تو وہ بہترین نتائج د سکتے ہیں‘دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے 24 کروڑ لوگوں پر مشتمل پاکستانی معیشت ڈیجیٹل سٹارٹ اپس اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے خطے کی موزوں ترین مارکیٹ ہے۔انہوں نے یہ بات ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیمہ یحیی سے ملاقات کے دوران کہی ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے ایک ہزار سے زائد جدید ٹیکنالوجی کے سرمایہ کار اور پالیسی سازوں کا پاکستان میں جمع ہونا، خطے میں پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہماری نوجوان افرادی قوت ہے جسے ڈیجیٹل ہنر و تربیت سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،24 کروڑ لوگوں پر مشتمل پاکستانی معیشت ڈیجیٹل سٹارٹ اپس اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے خطے کی موزوں ترین مارکیٹ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیاں اور سرمایہ کاروں کی دی جانے والی سہولیات کا مقصد ملک میں سرمائے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ایسے منصوبے لے کر آرہے ہیں جو نوجوان افرادی قوت کو اپنی توانائیوں کو صحیح سمت میں بروئے کار لانے اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی سے معیشت میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے میں معاونت کریں گے۔