وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک اس وقت لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا، ماضی میں بھی لانگ مارچ سے کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لانگ مارچ سے کبھی کوئی فائدہ نہیں ہوا اور ماضی میں بھی اس کے ذریعے کوئی اہداف حاصل نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے ذریعے کبھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، مسائل کا حل احتجاج یا لانگ مارچ نہیں بلکہ تمام فریقین کا مل بیٹھ کر بات چیت کرنا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی سے پٹرولیم مصنوعات سستی نہیں ہوں گی۔مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی کی جنگ ختم نہیں ہوئی بلکہ جنگ زیادہ خطرناک طریقے سے جاری ہے اور روزانہ پاکستانی جوان شہید ہو رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت جنگ ہارنے کے بعد اب پراکسی جنگ لڑ رہا ہے۔