برطانیہ میں رمضان المبارک کے آغاز پر اس سال بھی مسلم کمیونٹی میں تقسیم دیکھنے کو ملی ہے۔
کئی مساجد نے سعودی عرب کی پیروی کرتے ہوئے ہفتہ کو رمضان کا آغاز کرنے کا اعلان کیا، جبکہ دوسری طرف متعدد مذہبی اداروں نے اتوار کو رمضان کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔یو کے اسلامک مشن نے بروز ہفتہ رمضان المبارک کا آغاز کیا اور اس کے رہنما علامہ محمد اقبال اعوان نے کہا کہ گزشتہ شب سے تراویح کی نماز شروع کی گئی تھی اور آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔دوسری طرف، مرکزی جماعتِ اہلسنت یو کے یورپ اوورسیز ٹرسٹ کے سیکریٹری جنرل علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، لوٹن سینٹرل ماسک کے خطیب علامہ حافظ اعجاز احمد، اور الحرا کلچرل سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے اتوار کو رمضان کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس تقسیم کی وجہ سے برطانیہ میں مقیم مسلم کمیونٹی کے اندر ایک ہی خاندان میں بھی کچھ افراد نے ہفتہ کو روزہ رکھ لیا، جبکہ دوسرے افراد نے اتوار کو روزہ رکھنے کا فیصلہ کیا۔یہ تقسیم خاص طور پر برطانیہ میں مقیم نوجوانوں اور زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے پریشانی کا سبب بن گئی ہے، جو اس فرق کو سمجھنے اور اس سے متاثر ہونے میں مشکل کا سامنا کر رہے ہیں۔