1.5 ارب ڈالر کی کرپٹو کرنسی کی چوری میں شمالی کوریا ملوث : امریکا کاالزام

 ممکنہ طور پر ان اثاثوں کو مزید منی لانڈرنگ کے ذریعے کاغذی کرنسی میں تبدیل کر دیا جائے گا، ایف بی آئی
واشنگٹن ( آ ئی این پی )امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے شمالی کوریا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ گذشتہ ہفتے ایک ارب 50کروڑ ڈالر مالیت کے ڈیجیٹل اثاثوں کی چوری میں ملوث ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائی بٹ نے گذشتہ ہفتے اطلاع دی تھی کہ اس کے کرپٹو کرنسی ایتھیریم سے 4لاکھ لوٹ لیے گئے۔کمپنی کے مطابق حملہ آوروں نے ٹرانزیکشن کے دوران سکیورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اثاثوں کو نامعلوم پتے پر منتقل کیا۔امریکی حکومت نے پیانگ یانگ پر چوری کا الزام عائد کیا۔ ایف بی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی کوریا کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائی بٹ سے تقریبا ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے ورچوئل اثاثوں کی چوری کا ذمہ دار ہے۔بیورو کا کہنا تھا کہ ٹریڈر ٹریٹر نامی گروپ جو لازارس گروپ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس چوری میں ملوث تھا۔اس کا کہنا تھا کہ انہوں نے برق رفتاری سے چوری شدہ اثاثے کو بٹ کوائن اور دیگر ورچوئل سرمائے میں منتقل کرکے متعدد بلاک چینز میں بھیج دیا۔ایف بی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر ان اثاثوں کو مزید منی لانڈرنگ کے ذریعے کاغذی کرنسی میں تبدیل کر دیا جائے گا۔