خواجہ آصف کے ٹویٹ پر لیسکو ایکسین،ایس ڈی اوسمیت5ملازم معطل

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے لیسکو اہلکاروں پر الزام لگایا ہے کہ ٹرانسفارمر کی مرمت کیلئے 80 ہزار روپے رسید دیئے بغیر وصول کر لئے،بعدازاں لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے ٹویٹ پر نوٹس لیتے ہوئے ایکسین پھول نگر ، ایس ڈی او پتوکی سمیت 5ملازم معطل کر دیئیہیں۔قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر لکھا کہ میرے گھریلو ملازم کے گائوں میں ٹرانسفارمر جل گیا، لیسکو ملازمین نے ٹرانسفارمر مرمت کردیا لیکن 80 ہزار روپے لئے اور رسید کسی نے نہیں دی، باقی آپ اندازہ لگا سکتے ہیں، یہ حال ہے کہ بجلی کا سابق وزیر سفارشی ہو اور وہ موجودہ کابینہ کا رکن بھی ہو، اس کی سفارش پہ بھی واردات سے گریز نہیں کیا جاتا، عام صارف کا کیا حال ہو گا، رقم کی باقاعدہ ادائیگی ہوئی ہے۔بعدازاں لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایکسین پھول نگر ، ایس ڈی او پتوکی اورسب ڈویڑن کا دیگر عملہ معطل کردیا، ٹرانسفارمر کو غیر قانونی مرمت کرنے اور کروانے والوں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی گئی ہے جبکہ رشوت دینے کے معاملہ پر چیف ایگزیکٹو لیسکو رمضان بٹ نے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ذرائع کے مطابق غفلت برتنے پر لائن مین شوکت علی، فلک شیر اور لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسین کو معطل اور ٹرانسفارمر مرمت کرنے والے شبیر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔