پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے مداحوں کی بارہا درخواست پر اپنی انسٹاگرام کی 600 سے زائد پرانی پوسٹس دوبارہ بحال (Unarchive) کر دیں، جن میں ان کے کیریئر کے مختلف مراحل، یادگار تصاویر، ویڈیوز اور دیگر اہم لمحات شامل ہیں۔
پوسٹس بحال کرتے ہوئے عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر لکھا، "آپ سب کو خوش آمدید، کچھ پرانے اور شرمندگی والے لمحات کا مزہ لیں۔"پوسٹس بحال ہوتے ہی مداحوں نے ان کے فنی سفر کو دوبارہ دیکھنا شروع کر دیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ ان تصاویر پر گئی جن میں اداکارہ ہانیہ عامر بھی موجود تھیں۔اس کے بعد مختلف شوبز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے انہی تصاویر کو نمایاں کرنا شروع کر دیا، جس پر عاصم اظہر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردِعمل دیا۔انہوں نے لکھا، "دوستو! کاش ہمارا پیارا میڈیا میری وہ باقی 600 پوسٹس بھی دکھاتا جو میں نے بحال کی ہیں۔ میرے حقیقی مداح کافی عرصے سے میری پوسٹس، میرا سفر اور میری کامیابیاں دوبارہ دیکھنا چاہتے تھے، اسی لیے میں نے انہیں واپس کیا۔"یاد رہے کہ ماضی میں عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے درمیان تعلقات کی خبریں گردش کرتی رہی تھیں، تاہم دونوں نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے کبھی عوامی سطح پر باضابطہ تصدیق نہیں کی۔