اداکار اور بگ باس 19 کے فاتح گورو کھنہ نے اپنی اہلیہ آکانکشا چمولا کی جانب سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق بیان کے بعد پہلی بار خاموشی توڑ دی ہے۔
آکانکشا چمولا نے لاک اپ سیزن 2 میں شرکت سے قبل انکشاف کیا تھا کہ وہ اور گورو گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے الگ رہ رہے ہیں اور دونوں کے درمیان طلاق کا عمل جاری ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔حال ہی میں گورو کھنہ سے ایک ریئلٹی شو کے سیٹ کے باہر میڈیا نے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق سوالات کیے، جس پر انہوں نے کہا کہ ان کے جذبات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ آج بھی آکانکشا سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی پہلے کرتے تھے۔اداکار نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ اپنی اہلیہ کا ساتھ دیں گے اور چاہتے ہیں کہ آکانکشا لاک اپ سیزن 2 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور کامیابی کے ساتھ واپس آئیں۔آکانکشا کے بیان کے بعد مداحوں نے ان کے تعلق کی ٹائم لائن پر بھی سوالات اٹھائے، کیونکہ رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک ساتھ رومانوی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔
ان پوسٹس میں محبت بھرے لمحات، پروپوزل تھیم ویڈیوز اور ایک دوسرے کے لیے محبت کے اظہار نے مداحوں کو حیران کر دیا تھا۔اگرچہ ان کے تعلق سے متعلق قیاس آرائیاں بدستور جاری ہیں، تاہم گورو کھنہ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ہر حال میں آکانکشا کی حمایت جاری رکھیں گے۔