خلیل الرحمٰن قمر نے ایک پروگرام میں انڈسٹری میں جاری تنازعات کے حوالے سے اپنی خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انڈسٹری کے کئی فنکاروں سے ان کے اختلافات ہیں، جن میں نعمان اعجاز کے ساتھ ان کا کوئی مسئلہ نہیں، مگر وہ ان سے نفرت کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔ قمر کا کہنا ہے کہ یہ صرف اختلافِ رائے یا ناراضی کا معاملہ نہیں بلکہ ایک شدید ناپسندیدگی ہے جسے وہ چھپانا نہیں چاہتے۔اس کے علاوہ، انہوں نے ماہرہ خان کے ساتھ اپنے تعلقات کی بھی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان ایک بہترین فنکارہ ہیں اور ان کے ساتھ ان کا رشتہ ہمیشہ احترام اور دوستی پر مبنی رہا، مگر وہ ماہرہ کے اُس وقت کے الفاظ کو معاف نہیں کر سکتے جو انہوں نے ان کے خلاف استعمال کیے تھے۔ قمر نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ شاید ایک دن وہ ان الفاظ کو معاف کر سکیں، مگر فی الحال یہ ان کے لیے قابلِ قبول نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان دونوں کے درمیان تلخی اُس وقت بڑھی جب ماہرہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر اور ماروی سرمد کے درمیان ہونے والی بحث پر ردعمل دیا تھا۔ خلیل الرحمٰن قمر کی یہ باتیں انڈسٹری میں جاری کشمکش اور تنازعات کے حوالے سے ایک اہم اور کھلی وضاحت ہیں۔