بیٹی سے زیادتی ،قتل ،باپ کو دو بار سزائے موت کاحکم

اوکاڑہ کی عدالت نیمجرم کے سہولت کار بہن بھائی کو 7،7سال قیدکی سزادی
دوہرے قتل پر 2ملزموں کو 2،2بار،خاتون سے زیادتی پر ملزم کو سزائیموت
اوکاڑہ، دیپالپور، چک امرو ، عیسیٰ چوک(خصوصی رپورٹ)مختلف مقامی عدالتوں نے زیادتی، قتل اور دوہرے قتل کے مقدمات کے فیصلے سناتے ہوئے متعدد ملزموں کو سزائیں سنا دیں۔ اوکاڑہ کی عدالت نے بیٹی سے زیادتی اور اس کے بعد قتل کے جرم میں باپ کو دو بار سزائے موت جبکہ جرم میں سہولت کاری کرنے والے اس کے بھائی اور بہن کو سات، سات سال قید کی سزا سنائی۔ دوسری جانب خاتون سے زیادتی کے مقدمے میں ایک مجرم کو 20 سال قید اور جرمانے کی سزا دی گئی، جبکہ شکرگڑھ میں دوہرے قتل کے مقدمے میں دو ملزمان کو دو، دو بار سزائے موت سنائی گئی۔استغاثہ کے مطابق تھانہ صدر اوکاڑہ کے علاقے چک نمبر 53/2 ایل کی رہائشی آبادی کا رہائشی شبیر احمد اپنی نوجوان بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ مسلسل زیادتی کرتا رہا، جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہوگئی اور ستمبر 2025 میں ایک بچے کو جنم دیا۔ بعد ازاں ملزم نے اپنا جرم چھپانے کیلئے اپنے بھائی شہباز اور بہن سونیا کی مدد سے نومولود بچے کو کماد کے کھیت میں پھینک دیا جبکہ اپنی بیٹی کو قتل کرکے خاموشی سے تدفین بھی کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج رانا خلیل احمد نے جرم ثابت ہونے پر مرکزی ملزم شبیر احمد کو دو بار سزائے موت، آٹھ لاکھ روپے جرمانہ اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 201 کے تحت جرم میں سہولت کاری ثابت ہونے پر ملزم کے بھائی شہباز اور بہن سونیا کو سات، سات سال قید، ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید چھ، چھ ماہ قید کی سزا کا حکم بھی دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد ابوالحسنات کی عدالت نے تھانہ چوچک کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے خاتون سے زیادتی کے جرم میں ملزم نواز کو 20 سال قیدِ بامشقت، پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید ایک سال قید کی سزا سنائی۔ استغاثہ کے مطابق فروری 2025 میں ملزم اسلحہ کے زور پر گائوں کھڑک سنگھ میں ایک خاتون کے گھر میں داخل ہوا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنا کر فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ شکرگڑھ کے علاقے ریلوے روڈ پر فائرنگ سے ہونے والے دوہرے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج عرفان صفدر نے تھانہ موڑ کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزموں عدیل لمبڑ اور سنی خان کو دو، دو بار سزائے موت سنائی جبکہ فائرنگ اور اقدامِ قتل کے جرم میں دونوں کو 10،10 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا بھی دی۔ مقدمے کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے احسان عرف سان اور ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ شعیب نامی شخص زخمی ہوگیا تھا۔