مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں
یاتری پاکستان سے محبت و عقیدت کا پیغام لے کر جا رہے :سردار رمیش
لاہور (کرائم رپورٹر)بھارتی سکھ یاتریوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہیں اپنے گھر جیسا ماحول ملا، گوردواروں کے بہترین انتظامات، صفائی، تزئین و آرائش ، لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور سکیورٹی کے مثالی انتظامات پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کے بعد 10 روزہ دورہ مکمل ہونے پر گزشتہ روز وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ وزارت مذہبی امو رو بین المذاہب ہم اہنگی کے زیر اہتمام مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں ، بھارتی سکھ یاتریوں کو صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر حکام نیواہگہ بارڈرپر الوداع کیا ۔اس موقع پر سکھ یاتریوں نے پاکستان میں ملنے والی محبت، عزت اور مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا بھر کے سکھ پاکستان کے مقدس مذہبی مقامات کی یاترا کے خواہشمند ہیں، ہم پاکستان سے واپس جا کر محبت، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائیں گے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یاتری پاکستان سے محبت اور عقیدت کا پیغام لے کر جا رہے ہیں ،پاکستان میں 50 گورو دواروں کو تزین و آرائش کے بعد بحال کیا جا رہا ہے۔