ایل پی جی ساڑھے 7روپے کلوسستی ، گیس آج سے مہنگی ،بجلی بلوں کے ذریعے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی بند

 رات گئے پٹرول 8.36روپے لٹر مہنگا
پٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی،ڈیزل 10روپے39پیسے مہنگا کردیا گیا ، نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے کاربن لیوی عائد،گھریلو سلنڈر 87 روپے 71 پیسے سستا ،نئی قیمت 2 ہزار 750 روپے 60 پیسے مقرر
 لاہور( کرائم رپورٹر) رات گئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ، گیس بھی آج سے مہنگی ہو گئی جبکہ ایل پی جی ساڑھے 7روپے کلوسستی کردی گئی ،بجلی بلوں کے ذریعے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی بند کردی گئی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا۔ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے سے بڑھ کر 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے کاربن لیوی عائد کردی گئی ہے۔ اوگرا کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 7 روپے 51 پیسے کمی کے بعد 233 روپے 10 پیسے ہو گی۔ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 87 روپے 71 پیسے سستا ہوگا، 11.8 کلوگرام کے ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 750 روپے 60 پیسے مقرر کی گئی ہے ، کمرشل سلنڈرکی قیمت میں 337روپے کمی کی گئی، اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایل پی جی کے غریب د کانداروں کے خلاف کاروائی بند کی جائے کیونکہ د کاندار ایل پی جی گھر پر نہیں بناتا۔ ایل پی جی کی قیمت میں مزید کمی واقع ہو سکتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ایل پی جی پالیسی میں مزید بہتری لائے تاکہ غریب عوام کو سستی ایل پی جی فراہم کی جاسکے ، دوسری طرف گیس صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج سے ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت 200 تا 4200روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ،پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لئے نرخ 200سے 350روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔اسی طرح نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے گیس کے نرخ 500سے 4200روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہونگے جبکہ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر ماہانہ 600 روپے فکسڈ چارجز، نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لئے ماہانہ 1500روپے فکسڈ چارجز کا بھی آج سے اطلاق ہوگا۔حکومت نے گھریلو صارفین کیلیے بجلی کے بلوں میں شامل الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ توانائی اویس لغاری نے تمام وزرائے اعلیٰ کو خط ارسال کر دیے جس میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2025 سے بجلی بلوں کے ذریعے صوبائی "الیکٹریسٹی ڈیوٹی" کی وصولی بند ہو گی۔انہوں نے خط میں لکھا کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں، بلوں میں متعدد چارجز اور ڈیوٹیوں سے صارفین الجھن کا شکار ہیں۔خط میں وفاقی وزیر نے بجلی کے نرخ کم کرنے کے حکومتی اقدامات بھی اجاگر کیے۔ وفاقی وزیر نے خط میں آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی، سرکاری پاور پلانٹس کا ROE کم کرنے پر کام جاری رکھنے کا زکر کیا۔اویس لغاری نے لکھا کہ بل صرف بجلی کے اصل خرچ کو ظاہر کریں، یہی ہمارا ہدف ہے، صوبے متبادل ذرائع سے ڈیوٹی وصولی کے طریقے تجویز کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اضافی چارجز کا خاتمہ اور صارفین سے بلوں کے ذریعے صرف بجلی کی قیمت وصول کرنا چاہتی ہے۔