ڈیرہ اسماعیل خان: گھریلو تنازعہ نے خونریز رخ اختیار کرلیا، بھائی نے بھائی، بھابھی اور بھتیجے کو قتل کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان: گھریلو تنازعہ نے خونریز رخ اختیار کرلیا، بھائی نے بھائی، بھابھی اور بھتیجے کو قتل کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کرک کے علاقے نارہ بانڈہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں خاندانی جھگڑا تین قیمتی جانیں نگل گیا۔

 پولیس کے مطابق ایک شخص نے گھریلو تنازعے پر طیش میں آ کر اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنے سگے بھائی، بھابھی اور کمسن بھتیجے کو قتل کر دیا۔فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ شواہد اکٹھے کیے گئے اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تاکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا سکے۔

ایس پی تفتیش اشفاق خان کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ خاندانی تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے اور جلد اصل محرکات عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قاتل کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔