ڈیرہ اسماعیل خان اور باجوڑ میں دو الگ الگ واقعات پیش آئے، جن میں ایک جانب بی ڈی ایس (بم ڈسپوزل اسکواڈ) کے کمرے میں دھماکا ہوا جبکہ دوسری جانب نامعلوم مسلح افراد نے ایک سرکاری اسکول کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں بی ڈی ایس کے کمرے میں اچانک دھماکا ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں کمرے کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دیں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے تحصیل ماموند، لوئی خرکی واڑہ ماموند میں گورنمنٹ پرائمری اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے رات کے وقت اسکول کی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ حملے میں ملوث عناصر کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔