عدالت کے مرکزی داخلی دروازے کے سامنے دھرنا، انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد(آئی این پی )لاپتہ افراد کے لواحقین نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے دوران مظاہرین نے عدالت کے مرکزی داخلی دروازے کے سامنے دھرنا دے دیا۔ مظاہرین کی قیادت معروف وکلا ایمان مزاری ایڈووکیٹ، ہادی چٹھہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن آمنہ مسعود جنجوعہ کر رہے تھے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انصاف دو، لاپتہ افراد کو بازیاب کرو جیسے مطالبات درج تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پیاروں کی عدم موجودگی میں شدید اذیت سے گزر رہے ہیں اور صرف انصاف چاہتے ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے اور لاپتہ افراد کو فوری طور پر عدالتوں کے سامنے پیش کرے۔