پری مون سون کا دوسرا سلسلہ شروع‘بارشوں سے ڈیم بھرنے لگے

اگلے 4سے 5 روز تک وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوگی ‘ آندھی کا بھی امکان ہے
چشمہ بیراج کے تمام سپل ویز کھول دئیے گئے ، تربیلا ڈیم کے سپل ویز بھی جلد کھولے جائیں گے
لاہور(آئی این پی )پنجاب بھر میں پری مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جس کے مطابق ماہرین نے آئندہ 5 دن   کیلئے  موسم کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں پری مون سون بارشوں کا نیا سسٹم  دوبارہ پاکستان میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث اگلے 4سے 5 روز تک وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔  لاہور شہر شدید حبس کی لپیٹ  ہے اور    تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے‘دریں اثناء ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہوتے ہی دریائوں میں پانی کے بہا میں اضافہ اور ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔ دریا کے بہائو میں اضافے کے سبب چشمہ بیراج کے تمام 52 اسپل ویز کھول دئیے گئے جبکہ تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ چشمہ جہلم لنک اور رائٹ بینک کینالز میں پانی چھوڑ دیا گیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں تمام جھیلیں بھر گئیں، جبکہ کچے کے علاقے بھی زیرِ آب آگئے اور کئی مکانات و فصلیں بہہ گئیں۔