ملیرنشترآباد ریلوے ٹریک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا ملزم محمد رضوان ولد فضل حکیم 15 مئی 2025 کو لانڈھی تھانے کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران 12 سالہ بچے امین عرف شانو کو قتل اور اس کی والدہ ناصرہ کو زخمی کرنے میں ملوث تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں قتل، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ اور پولیس مقابلے سمیت 24 سے زائد مقدمات شامل ہیں۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، ایک لوڈ میگزین، راؤنڈز اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔دورانِ گشت پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں محمد رضوان موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ہلاک ملزم کے خلاف ماڈل کالونی تھانے میں 2 مقدمات بھی درج کر دیے گئے ہیں۔