مری میں ممکنہ برفباری خصوصی انتظامات مکمل

لاہور (کرائم رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو 1122 نے صوبہ بھر میں سالِ نو کے موقع پر تقریبات اور مری میں ممکنہ برفباری کے پیشِ نظر خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں ریسکیو ہیڈکوارٹر لاہور میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی زیرِ صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوااجلاس میں ریسکیو ہیڈکوارٹر کے سینئر افسران نے براہِ راست شرکت کی جبکہ ضلعی افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے سالِ نو کی تقریبات اور مری میں برفباری کی صورتِ حال کے حوالے سے پیشگی ریسکیو اور میڈیکل کور کے انتظامات پر بریفنگ حاصل کی۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے ہدایت کی کہ تمام ضلعی افسران اپنے اپنے اضلاع میں ریسکیو اور میڈیکل کور کو مکمل طور پر الرٹ رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائر ورکس ایونٹس کے لیے خصوصی فائر ریسکیو اور میڈیکل کور فراہم کیا جائے گا، جبکہ برفباری اور ممکنہ موسمی صورتِ حال کے پیشِ نظر راولپنڈی ڈویڑن کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے عوام سے اپیل کی کہ سالِ نو کو نیک خواہشات اور ذمہ دارانہ رویے کے ساتھ خوش آمدید کہیں، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سٹنٹس سے مکمل اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام سے صرف ایک کال کی دوری پر ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 ڈائل کریں۔