گورنر پنجاب کا نئے سال پر عوام سے ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سے گریز کا مطالبہ

گورنر پنجاب کا نئے سال پر عوام سے ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سے گریز کا مطالبہ

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے نئے سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں پاکستانی عوام کو ملک میں امن، اتحاد اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

 انہوں نے اس موقع پر تمام شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں، سے اپیل کی کہ وہ نئے سال کی خوشیوں میں ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، اور ونگ ویلنگ جیسے خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ رویوں سے گریز کریں، جو نہ صرف اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ معاشرتی امن کو بھی متاثر کرتے ہیں۔گورنر نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکتی ہے بلکہ ہم دشمنوں کو یہ واضح پیغام بھی دے سکتے ہیں کہ پاکستان کے شہری ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک میں انتشار، فساد اور افراتفری کی فضا سے بچنا ہوگا اور اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کی سلامتی اور ترقی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔اس پیغام میں گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئے سال کا آغاز مثبت سوچ اور قومی یکجہتی کے ساتھ کریں تاکہ ملک کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔