آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی حالیہ پے در پے شکستوں اور ناقص کارکردگی کے باوجود، کھلاڑیوں نے سڈنی پہنچ کر 2025 کا استقبال کیا۔
بھارتی ٹیم اس وقت بارڈر گواسکر ٹرافی کے 5ویں اور آخری ٹیسٹ میچ کی تیاری کر رہی ہے، اور ان کی سڈنی آمد کے دوران، کھلاڑیوں نے سال نو کی تقریبات میں حصہ لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، سڈنی اوپیرا ہاؤس میں بھارتی کھلاڑیوں کی تصویریں منظر عام پر آئیں، جن میں مڈل آرڈر بیٹر سرفراز خان، شبھمن گل، رشبھ پنت، محمد سراج اور ہرشیت رانا نظر آ رہے ہیں۔ سرفراز خان نے ان تصاویر کو اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر شیئر کیا۔تاہم، ان تصاویر کے منظر عام پر آنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے مداحوں نے ان کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سال نو کا جشن منانے کی بجائے انہیں اپنی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے تھی اور پریکٹس کرنی چاہیے تھی تاکہ ٹیم کا مورال بلند ہوتا۔
اس دوران، بھارتی ٹیم کو میلبرن ٹیسٹ میں ذلت آمیز شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا، جس کے بعد بھارتی ٹیم کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اب دیگر ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہو گئی ہیں۔ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا ٹیسٹ کیریئر بھی اس شکست کے بعد خطرے میں پڑ گیا ہے، اور ٹیم کے اندر قیادت کے حوالے سے اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔