غزہ: اسرائیلی حملے جاری، 10 فلسطینی شہید، سیکڑوں شیلٹرز زیرِ آب

غزہ: اسرائیلی حملے جاری، 10 فلسطینی شہید، سیکڑوں شیلٹرز زیرِ آب

غزہ میں نئے سال کے آغاز پر بھی اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ جبالیہ اور بوریج کیمپ پر تازہ حملوں میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

شدید بارشوں کے باعث سیکڑوں عارضی شیلٹرز زیرِ آب آچکے ہیں، جبکہ خان یونس میں 100 سے زائد خیمے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں پناہ گاہوں کے سامان کی فراہمی بھی روک دی ہے۔ گزشتہ ہفتے سردی کے باعث 6 بچوں سمیت 7 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے مطابق، غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں نے صحت کے نظام کو مکمل تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے اسرائیل کے ان دعوؤں کو بے بنیاد اور عوامی معلومات سے متصادم قرار دیا ہے کہ مسلح گروہوں کی موجودگی کے باعث اسپتالوں پر حملے کیے جارہے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے جون 2024 کے دوران اسرائیلی فوج نے 27 اسپتالوں اور 12 دیگر طبی مراکز پر کم از کم 136 حملے کیے ہیں، جس سے طبی سہولیات تک رسائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے کہا ہے کہ غزہ کے اسپتال موت کے جال بن چکے ہیں اور جنگ کے دوران اسپتالوں کا تحفظ سب سے اہم ہے، جس کا ہر فریق کو احترام کرنا چاہیے۔