ریلویز کی اربوں کی اراضی پر قبضہ ،تجاوزات کی بھرمار

مبینہ کرپشن پر ٹرانسفر اور معطل ملازمین کو چند روز میں ہی بحال کر دیا گیا 
لاہور (کرائم رپورٹر) ریلویز کے شعبہ لینڈ میں مبینہ طور پر مافیا کا راج ہے، اربوں روپے کی اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کی بھرمار ہے، ڈی ایس لاہور محمد حنیف گل کی کرپٹ مافیا کے خلاف کارروائی بھی رائیگاں جانے لگی۔ ڈی ایس کی جانب سے شعبہ لینڈ سے ٹرانسفر اور معطل کئے جانے والے ملازمین چند روز میں ہی بحال ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق لاہور ڈویژن شعبہ لینڈ میں مبینہ کرپشن پر معطل اور ٹرانسفر ہونے والے ملازمین کو اعلیٰ افسروں نے دوبارہ تعینات کردیا،اے آئی او ڈبلیو احمد بلال اور معاون عمیر سمیت دیگر کو مبینہ کرپشن پر شعبہ لینڈ سے ٹرانسفر کیا گیا،چند روز بعد مبینہ دباوٓ کے باعث انہی سیٹوں پر تعینات کردیا گیا۔ریلوے لاہور ڈویژن کی اربوں روپے کی اراضی پر مبینہ طور پر ملازمین کی ملی بھگت سے قبضہ ہو رہا ہے۔