سعودی عرب کیساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی تاہم مذاکرات مثبت انداز سے جاری ہیں، وفاقی وزیر پٹرولیم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے ریکوڈک پر سعودی عرب کے ساتھ ڈیل کی خبروں کی تردید کردی۔اسلام آباد میں بیٹ رپورٹرز کے ساتھ ملاقات اور گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ریکوڈک پر مذاکرات جاری ہیں، ریکوڈک پر سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں اور جاری ہیں تاہم ابھی کوئی بھی ڈیل فائنل نہیں ہوئی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریکوڈک پرسعودی عرب کے ساتھ ڈیل جلد فائنل کر لی جائے گی اور یہ 2025 کے اوائل میں ہونے کا قوی امکان ہے۔مصدق ملک نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ ڈیل کی کابینہ سے منظوری کی خبر بھی درست نہیں تاہم اس ڈیل کو دیکھنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے۔