2025 تبدیلی کا سال، ہم رہیں گے یا یہ رہیں گے: علی امین گنڈاپور

صوبے میں امن بحال کرنا میرا کام ہے اور میں کروں گا، وزیراعلیٰـ خیبرپختونخوا کی میڈیا سے گفتگو
پشاور (آئی این پی ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ 2025تبدیلی کا سال ہے یا تو ہم رہیں گے یا یہ رہیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے میں امن بحال کرنا میرا کام ہے اور میں کروں گا، انکے پاس عوامی طاقت نہیں ہے یہ عوام کے پاس نہیں جاسکتے، ہمارے پاس عوامی طاقت ہے، کرم کا مسئلہ 50سال سے ہے جو حل کے قریب ہے اور میں ہی حل کروں گا۔  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کسی کی کارکردگی ان کی معیشت سے نظر آتی ہے، ہم نے 24 فیصد سے زیادہ ریونیو بڑھایا، انہوں نے اگر اپنی معیشت کو بڑھایا ہے تو سامنے لائیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئی ایم ایف نے خود کہا ہے کہ ہمارے ٹارگٹ صرف خیبر پختونخوا نے پورے کیے، 103ارب روپے ہم نے اپنے ٹارگٹ سے اوپر جمع کیے ہیں، پنجاب 150 ارب خسارے میں جا رہا ہے، اس کے بعد کہتے ہیں ہم نے کمال کردیا، یہ کمال نہیں چاہئے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کس صوبے نے اپنی معیشت اتنی بڑھائی جتنا ہم نے بڑھایا، وفاقی حکومت اور پنجاب خسارے میں ہے، جو خسارے میں جا رہے ہیں ان کو پھانسی دینی چاہیے۔