دھند کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار، لاہور میں سردی پھر لوٹ آئی
لاہور(آئی این پی )لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے ایک بار پھر شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے، حد نگاہ کم ہوگئی جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک داخلہ ممنوع ہے۔اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کی انٹری بند ہے۔حکام کے مطابق شدید دھند کے باعث کئی دیگر بڑی شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر گاڑی آہستہ چلائیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔دوسری جانب لاہور میں جاتی ہوئی سردی کو باریک لگ گئی، دھند کے باعث ٹھنڈ واپس لوٹ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ دریں اثنا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ و اطراف میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی جس کے بعد متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابو ظہبی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 431 ، دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز417 دھند کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی پی آئی اے کی دوحہ سے لاہور آنے والی پرواز280 جبکہ جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز 734 ، جدہ سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز471 ، پی آئی اے کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز204 بروقت نہ پہنچ سکی۔کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 524 ، کراچی سے لاہور آ نے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 406 تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ لاہور سے جدہ جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز739 منسوخ کر دی گئی ۔لاہور سے ابو ظہبی جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز 285 ، لاہور سے دبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز 203 جبکہ لاہور سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز410 بروقت اڑان نہ بھر سکی۔