کراچی کی ایک گلی کا نام تاجکستان اسٹریٹ رکھا جائے گا:گورنر سندھ

کراچی کی ایک گلی کا نام تاجکستان اسٹریٹ رکھا جائے گا:گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان ٹریول مارٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر تبصرہ کیا۔

 انہوں نے کہا کہ دشمن ملک پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود پاکستان میں ترقی کے مثبت آثار دیکھے جا رہے ہیں۔کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول انتہائی سازگار ہو چکا ہے اور اس کی وجہ وزیرِ اعظم پاکستان کے "اڑان پاکستان" کے منصوبے اور جنرل عاصم منیر کی قیادت میں ایس آئی ایف سی (پاکستان سٹرٹیجک انویسٹمنٹ فورم) کی مسلسل کوششیں ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان میں آنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے، اور اس بات کا اظہار تاجکستان کے سفیر کی موجودگی میں کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں ایک گلی کا نام "تاجکستان اسٹریٹ" رکھا جا رہا ہے، جب کہ تاجکستان میں بھی کراچی سٹی کی گلی کا نام رکھا جائے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی علامت ہے۔

کامران ٹیسوری نے ایس آئی ایف سی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے پر تنقید کرنا غیر ضروری ہے، کیونکہ یہ ادارہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور ملک کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایس آئی ایف سی نے سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولی ہیں، اور اس کے ذریعے پاکستان میں معاشی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹریول مارٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ملک کی معیشت اور ثقافت کو اجاگر کیا جا رہا ہے، اور اس کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش کی جا رہی ہے۔