پیپلز پارٹی کے رہنما کرپشن میں پی ایچ ڈی، بھتہ خوری سے تنگ چینی کمپنیوں کا عدالت سے رجوع کرنا نوشتہ دیوار
صرف پیپلز پارٹی کی کرپشن کا ذکر کیا تو سارے ترجمان چیخ اٹھے،کراچی کے ٹیکس پر پلنے والیں اپنی پیٹیاں کس لیں
کراچی (آئی این پی ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے ابھی صرف پیپلز پارٹی کی کرپشن کا ذکر کیا ہے تو سارے ترجمان چیخ اٹھے ابھی تو شروعات ہے ایم کیو ایم سندھ حکومت کی کرپشن کا پردہ چاک کرتی رہے گی، کراچی کے ٹیکس پر پلنے والی سندھ حکومت کے وزراء اور نومولود ترجمان اپنی پیٹیاں کس لیں۔ جاری بیان کے مطابق متحدہ پاکستان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کرپشن میں پی ایچ ڈی کی ہے اور کرپشن کو صنعت کا درجہ دیا ہے،پیپلز پارٹی نہ کراچی کے ٹیکس کا پیسا چھوڑتی ہے اور نہ کرپشن کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے دیتی ہے، ایس بی سی اے، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی اربوں روپے کی کرپشن سے سندھ کے حکمرانوں کے گھر چلتے ہیں، کراچی میں غیرقانونی تعمیرات، ٹینکر مافیا، جعلی ادویات، گھوسٹ بسیں اور صوبے میں بڑھتی مہنگائی پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی ماتحت پولیس کی بھتہ خوری سے تنگ چینی کمپنیوں کا کورٹس سے رجوع کرنا نوشتہ دیوار ہے۔