1.3فیصد امکان سیارچہ 22دسمبر 2032کو زمین سے ٹکرا جائے، زمین کے قریب سے گزر جانے کے 99فیصد امکان
سانتیاگو(آئی این پی ) 100میٹر چوڑے ایک سیارچے نے عالمی سیاروی دفاعی نظام کو متحرک کر دیا ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ 2032میں اس سیارچے کا زمین سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ایسٹرائیڈ 2024وائے آر 4 کو چلی کی ایک ٹیلی سکوپ نے سب سے پہلے دسمبر 2024میں دیکھا تھا مگر اب امریکی اور یورپی خلائی اداروں نے اسے زمین کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیا ہے۔اب تک کے تجزیوں کے مطابق اس بات کا 1.3فیصد امکان ہے کہ یہ سیارچہ 22 دسمبر 2032 کو زمین کے کسی حصے سے ٹکرا جائے جبکہ 99فیصد امکان ہے کہ یہ زمین کے قریب سے گزر جائے گا۔ایڈنبرگ یونی ورسٹی کے پروفیسر کولین سنوڈگراس نے بتایا کہ اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ یہ سیارچہ زمین کو کوئی نقصان پہنچائے بغیر گزر جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مگر پھر بھی اس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس کے راستے کی زیادہ بہتر پیشگوئی کی جاسکے۔اسے زمین کے لیے خطرہ قرار دیے جانے والے سیارچوں کی فہرست کی کیٹیگری 3 میں شامل کیا گیا ہے کیوں کہ اس کا زمین سے ٹکرانے کا امکان ایک فیصد یا اس سے زیادہ ہے۔