بھارتی سکول ٹیچر کی طالب علم سے کلاس روم میں شادی کی ویڈیو وائرل

     کولکتہ (آئی این پی )بھارتی شہر کولکتہ میں ایک خاتون پروفیسر نے اپنے فرسٹ ایئر کے طالب علم سے کلاس روم میں شادی کر لی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہے اور ہر طرف حیرت اور بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ مغربی بنگال کے مولانا ابوالکلام آزاد یونی ورسٹی آف ٹیکنالوجی میں پیش آیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن کے لباس میں ملبوس پروفیسر اپنے طالب علم کے ساتھ شادی کی روایتی رسمیں ادا کر رہی ہیں۔ طالب علم نے خاتون کی مانگ میں سندور بھرا اور ایک دوسرے کو ہار پہنائے۔ کلاس روم میں موجود دیگر طلبہ بھی اس منظر کو دیکھ رہے تھے اور کچھ نے اس پر خوشی کا اظہار کیا۔یونی ورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری ایکشن لیا اور ایک تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک خاتون پروفیسر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ طالب علم کو فی الحال کلاسز سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔خاتون پروفیسر نے اپنے دفاع میں وضاحت دی کہ یہ دراصل سائیکو ڈراما پرفارمنس کا حصہ تھا، جس کا مقصد نفسیاتی تجربہ کرنا تھا۔