فتن الخوارج کے سرغنہ نور ولی محسود نے دہشت گردوں کو بلاضرورت موبائل فون استعمال کرنے سے روکدیا

 راولپنڈی (آئی این پی  )خارجی دہشت گردوں کی پے در پے ہلاکتوں کی وجہ سے فتن الخوارج کی قیادت موبائل فون کے استعمال سے خائف ہو گئی، اس سلسلے میں فتن الخوارج کے سرغنہ نور ولی محسود کی خفیہ گفتگو منظر عام پر آ گئی۔ذرائع کے مطابق کالعدم فتن الخوارج کے سرغنہ خارجی نور ولی محسود کی جانب سے تمام دہشتگردوں کے موبائل فون استعمال پر پابندی عائد  کردی گئی ہے۔ خفیہ گفتگو میں  خارجی نور ولی محسود دہشتگردوں کو موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی کی ہدایات دے رہا ہے۔خارجی نور ولی محسود نے کہا کہ سارے مجاہدین کو یہ پیغام پہنچا دو کہ موبائل سادہ ہو یا انٹرنیٹ والا ہو، مستقبل میں کسی کو بھی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ جب ضرورت ہو تو موبائل استعمال کریں اور پھر فورا بند کر دیں۔ذرائع کے مطابق خارجی نور ولی محسود نے اپنی خفیہ گفتگو میں مزید کہا کہ ہماری چھان بین ہو رہی ہے اور ہم پر نظر رکھی جا رہی ہے۔