تامل ناڈو کے ایک ویمنز ہاسٹل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص نے اپنی علیحدگی اختیار کرنے والی بیوی کو بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا۔
یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب ملزم نے ہاسٹل کے اندر گھس کر اپنی بیوی شری پریا کو حملہ کیا۔شری پریا ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھی اور کچھ عرصہ سے اپنے شوہر، بالاموروگن، سے علاحدہ رہ رہی تھی۔ اتوار کی دوپہر، ملزم اپنی اہلیہ سے ملنے کے بہانے ہاسٹل پہنچا۔ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان تلخی اور تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ملزم نے درانتی نکال کر حملہ کیا اور مقتولہ کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
اس واقعے کے بعد، ملزم نے مقتولہ کی لاش کے ساتھ ایک سیلفی لی اور اسے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر اپ لوڈ کرتے ہوئے کیپشن میں الزام عائد کیا کہ اس کی بیوی نے اسے دھوکہ دیا ہے۔ بعد ازاں، ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم کو اپنی بیوی پر کسی اور مرد سے تعلق رکھنے کا شک تھا، جس کی بناء پر اس نے اس افسوسناک اقدام کو انجام دیا۔ پولیس کے مطابق، مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعہ کے اصل محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔