چونیاں پولیس کسی ملزم کاسراغ نہ لگاسکی، گرفتاری ، گشت بڑھانے کامطالبہ
الہ آباد (خصوصی رپورٹ )تالا توڑ گینگ کی وارداتوں میں اضافہ، شہری شدید عدم تحفظ کا شکار۔ شہر بھر میں کئی گھروں سے لاکھوں روپے، قیمتی سامان چوری ہونے کے باوجود تھانہ سٹی پولیس چونیاں تاحال کسی ملزم کو نہ پکڑ سکی۔ CCTV فوٹیجز کے باوجود پولیس خاموش تماشائی بن گئی۔ تازہ واردات ظہیر آباد کالونی گلی عارف شاہ میں ہوئی جہاں3چوروں نے گیٹ کا تالا توڑ کر گھر کا صفایا کر دیا۔ فوٹیجز میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم تالا توڑ کر گھر سے نقدی، سونا، قیمتی سامان سمیت 125 موٹر سائیکل لے جاتے ہیں۔ چور اس سے قبل نجی بینک کے ملازم نور الہدیٰ کے گھر سے 50 ہزار ، زیورات، بیٹریاں، قیمتی کپڑے اور موٹر سائیکل لے گئے۔ نور الہدیٰ نے بتایا ہم گا ئوں گئے ہوئے تھے، ہمسائے نے واردات کی اطلاع دی۔شہریوں نے ڈی پی او قصور ودیگرپولیس حکام سے فوری نوٹس لینے، گینگ کی گرفتاری اور گشت کو م ئوثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔