اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سینیٹ(ایوان بالا) اور قومی اسمبلی (ایوان زیریں) کے اجلاس آج طلب کرلئے گئے۔جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس9ماہ کے وقفہ کے بعد کل (منگل کو )طلب کئے جانے کا امکان ہے جس میں اہم قانون سازی کے علاوہ ملک میں امن و امان اور سلامتی کے حوالے سے مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ سینیٹ اجلا س دو رو زکے وقفہ کے بعد آج شام 4 بجیہوگا ،جس کی صدارت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کریں گے۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے جوابات سمیت دیگرامورزیربحث لائیجائیں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس بھی دو روز کے وقفے کے بعد آج شام پانچ بجے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں دوبارہ شروع ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری 2نکاتی ایجنڈا کے مطابق وقفہ سوالات ، توجہ دلائو نوٹس ، بلز، قانون سازی اور تحریک تشکر سمیت دیگر اہم امور زیر بحث لائے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مشترکہ اجلاس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اورجے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی خطاب کرینگے۔قومی اسمبلی اور سینیٹ کی طرح مشترکہ اجلاس میں بھی قائد حزب اختلاف کی نشست خالی رہے گی تاہم حزب اختلاف بھی مشترکہ اجلاس میں بانی تحریک کی حراست اور اس سے ملاقاتوں پر عائد پابندی کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومتی و اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس بھی ہونگے۔