پی ٹی آئی کے ساتھ غیر آئینی اورغیر قانونی سلوک کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا
راولپنڈی (آئی این پی )پی ٹی آئی کسان ونگ کے مرکزی ترجمان خالد نواز سدھرائچ نے کہا ہے کہ2 ۔ دسمبر بروز منگل اڈیالہ جیل کے باہر ہونے والا احتجاج انٹر نیشنل میڈیا پر دکھایا جائے گا اور پی ٹی آئی کے ساتھ برتے جانے والے غیر آئینی اورغیر قانونی سلوک کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا ۔اس مرتبہ بھی عمران خان سے فیملی ممبران اورلیڈروںکی ملاقات نہ کروائی گئی توہمارے لیڈران اگلے سخت لائحہ عمل کااعلان کریں گے۔ اگر حکومت چاہتی ہے کہ اِس احتجاج کا دائرہ وسیع نہ بنے تو رکاوٹیں کھڑی نہ کرے اورہمیںاپنا جمہوری حق استعمال کرنے دیا جائے ۔ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کے اعلان کے بعد حکومت نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ان کا یہ جمہوری حق استعمال کرنے سے روکنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں مگر کارکنوں کی بڑی تعداد تمام رکاوٹوں کوعبور کرکے منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوگی ۔ انہوںنے یہ بات پی ٹی آئی اوریوتھ ونگ کے کارکنوں سے پر امن احتجاج کی تیاریوںکے حوالے سے ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میںکہی ۔ انہوںنے کہا کہ جو سختی عمران خان اورپی ٹی آئی کے ورکروںکے ساتھ روا رکھی جا رہی ہے اسکی ماضی میںکوئی مثال نہیںملتی ۔ ملک کے اہم صوبے خیبر پختونخواہ کے عوام کا نمائندہ اور صوبے کا وزیر اعلی 8 مرتبہ اڈیالہ جیل کے باہر سے اپنے لیڈرکے ساتھ بغیر ملاقات واپس چلا گیا ۔ اسی طرح عمران خان سے ان کے فیملی ممبران کی ملاقاتیں اور برطانیہ میںمقیم بیٹوں سے بات نہیںکروائی جا رہی جو کہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے