چاغی بلوچستان میں گردی جنگل مہاجر کیمپ مکمل طور پر خالی،مہاجرین افغانستان روانہ

گردی جنگل کیمپ سب سے بڑا افغان مہاجرین کیمپ تھا جس میں 70 ہزار اففان مہاجرین رہائش پذیر تھے
چاغی (آن لائن)چاغی بلوچستان میں گردی جنگل مہاجر کیمپ مکمل طور پر خالی، ضلعی انتظامیہ اور دالبندین رائفل کی کارروائیاں جاری‘ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ چاغی اور دالبندین رائفل نے گردی جنگل کیمپ میں تمام مہاجرین کو رجسٹریشن کے بعد افغانستان روانہ کردیا، مہاجرین کے انخلا کے بعد انتظامیہ نے کیمپ میں خالی ہونے والے گھروں اور دکانوں کو مسمار کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق موصولہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گردی جنگل کیمپ میں خالی مکانات کی توڑ پھوڑ جاری ہے ۔ کیمپ کے تمام افغان مہاجرین کو باقاعدہ دستاویزی کارروائی کے بعد افغانستان واپس روانہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق گردی جنگل کیمپ سب سے بڑا افغان مہاجرین کیمپ تھا جس میں 70 ہزار اففان مہاجرین رہائش پذیر تھے ۔تمام 70,000 مہاجرین کو واپس بھیجا جا چکا ہے ۔انتظامیہ کے مطابق 26 نومبر 2025 سے لجّے افغان مہاجر کیمپ میں کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام کارروائیاں ریاستی پالیسی کے مطابق کی جا رہی ہیں ۔لجّے کیمپ خالی ہونے کے بعد وہاں موجود غیر قانونی ڈھانچوں کو بھی ہٹا دیا جائے گا۔