رشمیکا مندانا شوٹنگ کے دوران زخمی، صحت سے متعلق اہم اپڈیٹ سامنے آگئی

رشمیکا مندانا شوٹنگ کے دوران زخمی، صحت سے متعلق اہم اپڈیٹ سامنے آگئی

بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندانا فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہو گئی ہیں، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں کم از کم چھ ہفتے مکمل آرام اور باقاعدہ علاج کی ہدایت دی ہے۔

 انجری کے باعث ان کے آئندہ فلمی منصوبوں کی شوٹنگ بھی عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رشمیکا مندانا ایک فلم کے ڈانس سین کی شوٹنگ کر رہی تھیں کہ اسی دوران ان کے کولہے کے پٹھے (Hip Muscle) میں شدید چوٹ آئی اور پٹھا اپنی جگہ سے متاثر ہو گیا۔ معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کے ساتھ فزیوتھراپی اور بحالی صحت کے علاج پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی آنے والی فلموں 'رن بالی' اور 'میسا' کی شوٹنگ میں مسلسل مصروف تھیں، جہاں انہیں ایکشن اور ڈانس کے مشکل مناظر فلمبند کرانے پڑ رہے تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل جسمانی مشقت اور دباؤ اس انجری کی ایک ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی انجری زیادہ تر پیشہ ور کھلاڑیوں میں دیکھی جاتی ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ رشمیکا شوٹنگ کے دوران انتہائی سخت جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی تھیں۔ڈاکٹروں نے واضح کیا ہے کہ اداکارہ کو مکمل صحت یاب ہونے تک باقاعدہ علاج اور فزیوتھراپی جاری رکھنا ہوگی، جبکہ ان کی طبی حالت کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ مکمل بحالی کے بعد ہی انہیں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کی اجازت دی جائے گی۔

رشمیکا مندانا نے حال ہی میں اداکار وجے دیوراکونڈا سے شادی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے فلم 'میسا' کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی تھی۔ انہوں نے فلم کے سیٹ سے چند تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں، جن میں وہ ایک منفرد اور جرات مند کردار میں نظر آئی تھیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری راویندر پولے کر رہے ہیں، جبکہ اسے ان فارمولا فلمز کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب رشمیکا مندانا کی فلم 'رن بالی' بھی ریلیز کی تیاریوں کے آخری مراحل میں ہے، جسے ستمبر میں نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا منصوبہ تھا۔ اس فلم میں وہ اپنے شوہر وجے دیوراکونڈا کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، تاہم حالیہ انجری کے باعث فلم کی شوٹنگ اور ریلیز شیڈول متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔