بھارت میں انوکھی شادی، جڑواں بھائیوں کی جڑواں بہنوں سے شادی، رسم بھی جڑواں پادریوں نے ادا کی

بھارت میں انوکھی شادی، جڑواں بھائیوں کی جڑواں بہنوں سے شادی، رسم بھی جڑواں پادریوں نے ادا کی

بھارتی ریاست کیرالا میں ایک منفرد اور دلچسپ شادی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں تقریب کے تقریباً تمام اہم کردار جڑواں افراد تھے، جس نے شرکاء اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جڑواں بھائی اکھل کے تھامس اور نکھل کے تھامس کی شادی جڑواں بہنوں میگی میری تھامس اور ماریا میری تھامس سے چانگانا سیری میٹروپولیٹن چرچ میں منعقد ہوئی۔اس شادی کی خاص بات یہ تھی کہ مذہبی رسم بھی جڑواں پادری فادر انٹو پیزھمکٹل اور فادر اجو پیزھمکٹل نے ادا کی، جبکہ جڑواں بھائی جیرون جیمز اور جوہون جیمز نے تقریب کے دوران ان کی معاونت کی۔دلہنوں نے بتایا کہ بچپن سے ان کی خواہش تھی کہ ان کی شادی میں ہر اہم کردار جڑواں افراد ادا کریں۔ اسی خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انہوں نے جڑواں پادریوں کی تلاش شروع کی، جو بالآخر کامیاب رہی۔جڑواں پادریوں نے اس موقع کو اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جڑواں جوڑے کی شادی کرانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ جس طرح دلہا اور دلہن نے ایک ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا، اسی طرح وہ خود بھی ایک ساتھ پادری بنے تھے، اس لیے یہ تقریب ان کے لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں دولہا مرچنٹ نیوی میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ دونوں دلہنیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے سے وابستہ ہیں۔یہ منفرد شادی نہ صرف دونوں خاندانوں کے برسوں پرانے خواب کی تعبیر بنی بلکہ تقریب میں شریک افراد کے لیے بھی ایک یادگار اور منفرد تجربہ ثابت ہوئی۔