نائجیریا میں جڑواں بھائیوں کی جڑواں بہنوں سے شادی، منفرد رشتہ سوشل میڈیا پر وائرل

نائجیریا میں جڑواں بھائیوں کی جڑواں بہنوں سے شادی، منفرد رشتہ سوشل میڈیا پر وائرل

نائجیریا کے شہر ابوجا/ایبادان میں ایک غیر معمولی اور دلچسپ شادی نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے، جہاں جڑواں بھائیوں نے جڑواں بہنوں سے بیک وقت شادی کر کے ایک منفرد رشتۂ ازدواج قائم کیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شادی ایبادان کے ایک چرچ میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں جوڑوں نے ایک ہی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ کر اس لمحے کو یادگار بنا دیا۔تقریب میں شریک مہمانوں نے اس غیر معمولی جوڑی کو “پرفیکٹ میچ” قرار دیا اور کہا کہ یہ شادی اپنی نوعیت کی ایک نایاب اور دلچسپ مثال ہے۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین اس منفرد واقعے پر مختلف دلچسپ اور حیران کن تبصرے کر رہے ہیں۔دلہن اور دلہا جو جڑواں ہیں، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ وہ بھی اپنی زندگی کے ساتھی جڑواں ہی تلاش کریں۔ ان کے مطابق یہ خواہش خدا کے خاص کرم سے پوری ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق دونوں جوڑوں کی ملاقات ایک یونیورسٹی پروفیسر کے ذریعے ہوئی تھی، جہاں ابتدائی طور پر دوستی ہوئی، جو وقت کے ساتھ مضبوط رشتے میں تبدیل ہوئی اور بعد ازاں شادی پر منتج ہوئی۔مقامی ذرائع کے مطابق ایبادان اور اس کے اطراف کا علاقہ جڑواں بچوں کی پیدائش کے حوالے سے خاص شہرت رکھتا ہے، اور ماہرین کے مطابق یہاں جڑواں بچوں کی شرح دنیا کے کئی حصوں سے زیادہ پائی جاتی ہے۔یہ منفرد شادی نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ عالمی میڈیا میں بھی ایک دلچسپ خبر کے طور پر زیرِ بحث ہے۔