حوثی گروپ نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ بحیرۂ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے فیس وصول کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
حوثیوں کے زیر انتظام ہیومینیٹیرین آپریشنز کوآرڈینیشن سینٹر (HOCC) نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بحیرۂ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے لیے محفوظ گزرگاہ کی سہولت رضاکارانہ بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہے اور اس کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جاتی۔بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی فرد یا ادارے کی جانب سے فیس یا ادائیگی کا مطالبہ ایچ او سی سی یا جمہوریہ یمن کی نمائندگی نہیں کرتا۔ شپنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی غیر مجاز شخص یا ادارے کو نہ تو ادائیگی کریں اور نہ ہی کوئی حساس معلومات فراہم کریں۔یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ شائع کی تھی کہ حوثی قیادت بحیرۂ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر فیس عائد کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔حوثی حکام نے رائٹرز کی اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی فیس نہ تو نافذ کی گئی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ کیا گیا ہے۔