3 بچوں کے قتل میں مرنیوالی ماں ملزمہ قرار

 علینہ ذہنی مریضہ ، زہر ملا کر آئس کریم بچوں کو دی پھر خود بھی کھا لی، 2افراد گرفتار ،خاوند کلیئر نکلا :ڈی آئی جی ذیشان رضا 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے ویلنشیاء  ٹا ئون میں امریکن نیشنل خاتون اور اس کے 3 بچوں کی ہلاکت کے مقدمے میں مقتول بچوں کی والدہ علینہ کوہی مرکزی ملزمہ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی نیشنل خاتون ذہنی مسائل کا شکار تھی اور آن لائن موت کے طریقے تلاش کرتی رہتی تھی۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مقتول بچوں کی والدہ مرکزی ملزمہ ہے ، کیس میں مزید 2 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں کیمیکل شاپ کا مالک اور ایک رائیڈر شامل ہیں۔خاتون نے کیمیکل کے حصول کیلئے ملزم کو ایک لاکھ 38 ہزار 540 روپے منی گرام کے ذریعے ادا کئے۔ 16جولائی کو علینہ نے پوٹاشیم سائنائیٹ نامی زہریلے کیمیکل والا پارسل اپنی دوست کے گھر منگوایااوربعدازاں وصول کر لیا ، 17جولائی کوملزمہ نے آئس کریم میں یہ زہر ملا کر اپنے بچوں 15سالہ ریحان، 11سالہ اریشا اور9 سالہ ارسل کو کھلا دی ،پھر خود بھی وہی کھا کے موت کے منہ میں چلی گئی۔پولیس کے مطابق علینہ اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ امریکہ سے لاہور آئی اور ویلنشیا ٹا ئون میں کرائے کے گھر رہائش پذیر تھی، علینہ کے موبائل فون سے خودکشی سے متعلق مضامین بھی ملے ہیں، وہ ڈپریشن کا شکار تھی اور علاج جاری رہا تھا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل کر لی، خاتون کے شوہر ناصر ڈوگر کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا گیا ،وہ کلیئرنکلا ہے۔