علماء ، دانشور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی:امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث
وفاقی وزیر مذہبی امور سے حافظ عبدالکریم کی اہم ملاقات‘سردار محمدیوسف نے سینیٹر بننے پر مبارکباد دی
لاہور ( خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر اور رکن سینیٹ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی، اور باہمی دلچسپی کے اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا ملک میں مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں علماء کرام، دینی جماعتوں اور حکومتی اداروں کے درمیان مستقل رابطہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کو دوبارہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ایوان بالا کے لیے پنجاب اسمبلی سے ان کے انتخاب کو ایک اچھی روایت قرار دیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ ڈاکٹر عبدالکریم نے اعلان کیا کہ اگست کے مہینے میں ملک بھر میں "استحکام پاکستان کانفرنسز" کا انعقاد کیا جائے گا جن میں ملکی استحکام، یکجہتی اور امن کے فروغ کے لیے علماء ، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔حافظ عبدالکریم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کو صدارت ملنے کو ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کیا ہے۔ملاقات میں اسلامی نظریاتی کونسل کی حالیہ سفارشات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا