سیاسی استحکام ہی معاشی و قومی ترقی کی بنیاد ہے،: سینیٹر حافظ عبدالکریم

ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سیاسی جماعتوں کو تحمل اور برداشت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا
تمام طبقات ملک کے امن اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں: امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان 
لاہور ( خصوصی رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی کشیدگی اور بیان بازی کے خاتمے پر اتفاقِ رائے کو خوش آئند اور ملک کے استحکام کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کو درپیش معاشی، سیاسی اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی اور سیاسی برداشت کی اشد ضرورت ہے۔ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان محاذ آرائی کم ہونا ملک کے لیے نیک شگون ہے۔ حافظ عبدالکریم نے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کے کردار کو سراہا جنہوں نے مصالحت کے عمل میں اہم اور متوازن کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور دیگر رہنماؤں کا تعاون اس امر کا ثبوت ہے کہ ملک کی قیادت اب باہمی مفاہمت کے ذریعے آگے بڑھنے کی خواہش رکھتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔ ملک کو اس وقت استحکام، معاشی بہتری، اور عوامی ریلیف کی ضرورت ہے۔ ایسی صورتحال میں سیاسی ہم آہنگی ہی ترقی کی ضمانت ہے۔امیر مرکزی جمعیت نے اس موقع پر تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی طبقات سے اپیل کی کہ وہ باہمی احترام اور تحمل کے ساتھ ملک کی ترقی اور امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان ایک مضبوط، خوشحال اور متحد قوم بن کر ابھرے۔