جس علاقے کی ڈیل ہو وہاں کی عوام کا پہلا حق ہوتا ہے: پی ٹی آئی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے ہم جاننا چاہتے ہیں امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کی تفصیلات کیا ہیں؟۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے ساتھ کچھ تجارتی معاہدوں کے حوالے سے ٹرمپ کا ایک بیان آیا ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ ہماری تجارت بڑھے لیکن ہم جاننا چاہتے ہیں اس معاہدے کی تفصیلات کیا ہیں؟ آئین اس بات کا پابند کرتا ہے کہ سب سے پہلے جس صوبے کے جو وسائل ہیں ان پر وہاں کے عوام کا حق ہے، ہم جاننا چاہتے ہیں کیا اس علاقے کے عوام کا حق آئین کے مطابق تسلیم کیا گیا؟ 18ویں ترمیم کے بعد یہ وسائل پر صوبائی حکومت کا حق ہے کسی صوبائی حکومت کے معاملے میں وفاق مداخلت نہ کرے۔