خاتون کو ہراساں کرنے کاالزام سی ای او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کا حکم 25لاکھ روپے جرمانہ

مونس علوی نے جرمانہ ادا نہ کیا تو ان کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی،  ان کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کیا جائے گا:محتسب سندھ کافیصلہ
 پیشہ وا رانہ تعلقات میں ہمیشہ دیانت داری اور وقار کی اقدار کو برقرار رکھا ‘ اپیل کرنے کے اپنے حق کا استعمال کروں گا:مونس علوی

کراچی(آئی این پی)صوبائی محتسب نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر مونس علوی کو ایک خاتون کو دفتر میں ہراساں کرنے کے کیس میں عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا ہے۔ محتسب نے فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جو متاثرہ خاتون کو بطور ازالہ ادا کیا جائے گا۔فیصلے کے مطابق اگر مونس علوی نے جرمانہ ادا نہ کیا تو ان کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی، جبکہ ان کا قومی شناختی کارڈ بھی منسوخ کیا جائے گا۔متاثرہ خاتون نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ 2019 میں جب انہیں بطور چیف مارکیٹنگ آفیسر تعینات کیا گیا، اس وقت سے مونس علوی ان پر ڈنر پر ساتھ جانے کے لیے دبائو ڈال رہے تھے۔ خاتون نے الزام لگایا کہ مونس علوی ان کے جسمانی خدوخال پر نازیبا تبصرے بھی کیا کرتے تھے۔صوبائی محتسب نے خاتون کے تمام شواہد اور بیانات کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے مونس علوی کے رویے کو ہراسانی کے زمرے میں قرار دیا، اور سخت اقدامات کی ہدایت جاری کی۔دریں اثناء مونس علوی نے کہا ہے  پیشہ ورانہ تعلقات میں ہمیشہ دیانت داری اور وقار کی اقدار کو برقرار رکھا ہے، یہ حالیہ فیصلہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔مونس علوی نے خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے کے معاملے پر سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں کہا کہ قانونی عمل اور اس کو برقرار رکھنے والے اداروں کا احترام کرتا ہوں، کہنا چاہتا ہوں کہ نتائج میری تجربہ کردہ صورتحال کی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے۔ان کا کہنا ہے کہ اپنے قانونی مشیر کے ساتھ اس فیصلے کا جائزہ لے رہا ہوں اور اپیل کرنے کے اپنے حق کا استعمال کروں گا