منیر عرف بگا ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا، 12 سنگین مقدمات میں ملوث تھا
بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے سرغنہ اختر عرف ججی کو زخمی حالت میں پکڑا گیا
اوکاڑہ ،بصیرپور،حجرہ شاہ مقیم(خبر نگار،نامہ نگار ان )اوکاڑہ میں ایک ہی رات 4 پولیس مقابلے،ایک خطرناک ڈاکو ہلاک، 3گرفتارکرلئے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ صدر اوکاڑہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 12 سنگین مقدمات میں ملوث خطرناک ڈاکو منیر عرف بگا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔علاوہ ازیں 3 مختلف تھانوں حجرہ شاہ مقیم، تھانہ اوکاڑہ کینٹ اور تھانہ رینالہ خورد صدر کے علاقوں میں پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو ذکرالرحمن، اختر عرف ججی اور عثمان عرف چاند گرفتار کرلئے گئے جوڈکیتی، راہزنی اور نقب زنی سمیت 77 سنگین وارداتوں میں ملوث پائے گئے ،پولیس نے ڈاکو ئوں سے چھینی گئی تین موٹر سائیکلیں، نقدی اور تین پستول بھی بر آمد کر لئے ،تھانہ حجرہ شاہ مقیم کے علاقہ شاہ پور روڈ سے گرفتار ہونیوالے بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے خطرناک سرغنہ اختر عرف ججی کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا جو لاہور، گوجرانوالہ ،ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت کئی شہروں میں درجنوں مقدمات میں مطلوب اوراشتہاری تھا، زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔