افغان شہری کو پاکستانی خاتون سے شادی پر شہریت دینے کا فیصلہ معطل

 شہریت کس بنیاد پر دی جا سکتی ہے ‘ کل کتنے درخواست گزار ہیں:جسٹس مسرت ہلالی‘ اب تک 117 درخواست گزار سامنے آئے ہیں:ایڈیشنل اٹارنی جنرل
اسلام آباد(آئی این پی )سپریم کورٹ نے افغان شہری کو پاکستانی خاتون سے شادی کی بنیاد پر پاکستانی شہریت دینے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا۔افغان شہری کو پاکستان اوریجن کارڈ کے اجرا کے معاملے کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد اللہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ یکم دسمبر 2023 کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق نے اپیل دائر کر رکھی ہے، ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ اگر کوئی مرد افغان شہری پاکستانی خاتون سے شادی کرے تو اسے پاکستان اوریجن کارڈ(پی او سی)  اور شہریت دی جائے، تاہم حکومت کو شہریت دینے والے حصے پر اعتراض ہے۔جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا  شہریت کس بنیاد پر دی جا سکتی ہے اور کل کتنے درخواست گزار ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اب تک 117 درخواست گزار سامنے آئے ہیں، جس پر جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے کہ یہ تو وہ ہیں جو سامنے آگئے ہیں۔وکیل نادرا نے موقف اپنایا کہ پاکستانی خاتون سے شادی کرنے والے افغان شہری کے لیے ویلڈ ویزا کی شرط بھی ہے، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کوئی شخص دیوار پھلانگ کر آیا یا دروازے سے داخل ہوا۔