وزیراعلیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات،صوبے کی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال‘ امن وامان کی صورتحال خراب کرنے والوں سے سختی کیساتھ نمٹنے پر اتفاق
پنجاب حکومت ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن معاونت کرے گی:مریم نواز‘پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں بلکہ پنجاب کا ہر پسماندہ علاقہ بھی ہے:ملک احمد خان
لاہور(سپیشل رپورٹر( وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق تفصیلی گفتگوکی گئی۔ملاقات میں صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کاروبارمیں آسانی کے لئے ای بز متعارف کرانے پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو خراج تحسین کیا۔ملک احمد خان نے صوبے میں امن وامان کی بہتری پر پنجاب کی عوام کی طرف سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اظہار تشکرکیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملک احمد خان کو پنجاب اسمبلی کے امور حکومتی اور سب کو ساتھ لیکر چلنے کی روش پر شاباش دی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہر بڑا پراجیکٹ چھوٹے شہروں سے شروع کررہے ہیں۔ پنجاب میں کاروبار کا بہترین پوٹینشل موجود ہے،سرمایہ کاروں کو فائد اٹھانا چاہیے۔پنجاب حکومت ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔صوبے میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں ہے انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں بلکہ پنجاب کا ہر پسماندہ علاقہ بھی ہے۔