کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا ڈرون حملہ، متعدد زخمی

کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا ڈرون حملہ، متعدد زخمی

رحیم یار خان: پنجاب پولیس نے ضلع رحیم یار خان کے کچہ کے دشوار گزار علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس میں ڈرونز اور جدید اسلحے کا استعمال کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا۔ ڈرون حملوں میں متعدد ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ کئی کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی مکمل انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کا مقصد کچہ کے علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا ہے۔ڈی پی او رحیم یار خان نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کا یہ ٹارگٹڈ آپریشن کچہ کرمنلز کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور مقامی لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ کچہ کا علاقہ ماضی میں بھی ڈاکوؤں کی پناہ گاہ رہا ہے، جہاں سے اغوا، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں کی خبریں موصول ہوتی رہی ہیں۔ پولیس کا یہ تازہ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جانب ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔