بچپن کی شادی کا خاتمہ قانونی اور اخلاقی تقاضا ،بچوں کے تحفظ کا وعدہ پورا کیا جائے ، انسانی حقوق کمیشن
اسلام آباد(آئی این پی )انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے کم عمری کی شادی کے منظور کیے گئے بل سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کے اعتراض پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔جاری بیان کے مطابق انسانی حقوق کمیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ بچپن کی شادی کے خلاف بل بچوں کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے، پارلیمنٹ سے منظوربل کو مذہب سے متصادم قرار دینا بچوں کے حقوق کی نفی ہے۔ایچ آر سی پی کے مطابق بچیوں کے استحصال کی روک تھام کیلئے قانون پر فوری عملدرآمد ضروری ہے لہٰذا بچوں کے تحفظ کو مذہبی تنازع نہ بنایا جائے اور کم عمری کی شادیوں کی روک تھام اور بچوں کے تحفظ کے لیے ریاست آئینی و بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے۔انسانی حقوق کمیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے بل میں رکاوٹ ڈالنے پر شدید تحفظات ہیں، یکطرفہ مذہبی تشریحات قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ایچ آر سی پی کا مزید کہنا ہے کہ بچپن کی شادی کا خاتمہ قانونی اور اخلاقی تقاضا ہے،بچوں کے تحفظ کا وعدہ پورا کیا جائے۔