مقتدر حلقے موجودہ حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ مریم نواز کی خراب کارکردگی کے باعث مایوس ہو چکے ہیں
بانی پی ٹی آئی کو زیادہ عرصہ پابند سلاسل رکھا جا سکتا ہے نہ زبان بندی کی جا سکتی ہے،اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی
لاہور(خصوصی رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے وہ ملک میں اگلی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی بنتی دیکھ رہے ہیں ،بانی پی ٹی آئی کو زیادہ عرصہ پابند سلاسل رکھا جا سکتا ہے اور نہ ہی انکی زبان بندی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل ویژن تھنک ٹینک کی ایک خصوصی نشست میں کیا جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ملک احمد خان بھچر نے کہا باوجود ایک پیج پر ہونے کے مقتدر حلقے موجودہ حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خراب کارکردگی کے باعث مایوس ہو چکے ہیں اور وہ موجودہ حکومت سے جلد جان چھڑوانا چاہتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے سیاست میں آئے تو یہ پارٹی کے لیے نیک شگون ہوگا۔ان کا کہنا تھا کے پاک بھارت جنگ کے دوران مسلم نواز کی قیادت کی خاموشی معنی خیز ہے۔