سرکاری اداروں کو ایک سال کے دوران عوام کے پیسوں سے اربوں کی گرانٹس جاری

وفاقی حکومت نے عوامی ٹیکسوں کے پیسے سے مختلف سرکاری اداروں کو مجموعی طور پر 269 ارب روپے کی گرانٹس فراہم کیں:وزارت خزانہ
 اسلام آباد(آئی این پی) ایک سال میں سرکاری اداروں کو عوام کے پیسوں سے اربوں کی گرانٹس دینے کا انکشاف سامنے آیا، سب سے زیادہ رقم بجلی کے شعبے کی نذر ہوئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ دستاویزات نے ملک کے سرکاری اداروں کو وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی بھاری گرانٹس کا کچا چٹھا کھول دیا۔دستاویزات میں بتایا گیا گزشتہ ایک سال کے دوران وفاقی حکومت نے عوامی ٹیکسوں کے پیسے سے مختلف سرکاری اداروں کو مجموعی طور پر 269 ارب روپے کی گرانٹس فراہم کیں۔رپورٹ میں کہنا تھا کہ سب سے زیادہ رقم بجلی کے شعبے کی نذر ہوئی، اس ادارے کو 135 ارب 52 کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کی گئی۔حیرت انگیز طور پر یہ رقم بجلی کی پیداوار کے بجائے گردش گرد کے قرضوں پر صرف سود کی ادائیگی کے لیے استعمال کی گئی۔وزارتِ خزانہ کے مطابق دیگر اہم اداروں میں ریلوے کے خسارے کو کم کرنے اور آپریشنز جاری رکھنے کے لیے 60 ارب 32 کروڑ روپے دیے گئے جبکہ آبی و بجلی کے منصوبوں کے لیے 45 ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری ہوئی۔اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو سڑکوں کے جال اور مرمت کے لیے 17 ارب 11 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔دستاویزات کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی اور میڈیا کے شعبے میں بھی کروڑوں روپے کی گرانٹس دی گئیں ، جن میں پی ٹی سی ایل کو 5 ارب 79 کروڑ روپے ، پرال کو ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اور سسٹم اپ گریڈیشن کے لیے 1 ارب 29 کروڑ روپے کی گرانٹ جبکہ پی ٹی وی کو سرکاری ٹیلی ویژن کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 66 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔گوادر پورٹ اتھارٹی کو سی پیک کے اہم منصوبے گوادر پورٹ کے لیے 3 ارب روپے سے زائد کی گرانٹس دی گئیں۔